عالمی وبا کورونا کی دوسری لہر سے پورے ملک میں ہاہا کار مچا ہوا ہے اور ہر جانب افراتفری کا ماحول ہے۔ وہیں جموں و کشمیر کے سب ضلع ترال میں بھی دوسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے۔ آج سب ضلع سے ساٹھ افراد مثبت پائے گئے ہیں، اس طرح اب سب ضلع میں کورونا مریضوں کی تعداد چار سو کے قریب پہنچ گئی ہے۔
آج انتظامیہ نے منی کنٹینمنٹ زون قرار دیے گیے نئی بگ گاؤں میں عام لوگوں کی کورونا جانچ کی، اس دوران ایک درجن افراد کے ٹیسٹ مثبت پائے گئے جبکہ ڈیڑھ سو کے قریب نمونے جانچ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔
محکمہ ہیلتھ کے ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ 'گاؤں کے لوگوں کو اس مہلک مرض کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے انتظامیہ کو تعاون فراہم کرنا چاہیے اور رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرنا چاہیے تاکہ اس زنجیر کو توڑا جا سکے۔'