جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں جیش محمد عسکریت پسند تنظیم کے چار معاون کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایک سینئر پولیس عہدیدار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا 'ایک مخصوص اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس، فوج کے راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف سمیت سکیورٹی کے مخصوص دستوں نے اونتی پورہ کراسنگ کے قریب ایک ناکا بچھایا تھا جس دوران چار عسکریت پسندوں کے معاون کو چیکنگ کے دوران گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے بتایا 'ان سے قابل اعتراض مواد برآمد کیا گیا ہے جس میں جیشِ محمد کے پوسٹرز، نقد رقم، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد شامل ہے۔ گرفتار افراد کی شناخت شبیر احمد پرے، شیراز احمد ڈار، شفقت احمد میر اور اشفاق احمد شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔'
اہلکار کے مطابق گرفتار شدہ دو افراد پلوامہ کے کھریو علاقے کے رہائشی ہیں۔
عہدیدار نے بتایا 'گرفتار شدہ افراد عسکریت پسندوں کو پناہ اور دیگر رسد کی مدد فراہم کر رہے تھے۔ ان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔