جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں پولیس نے عسکریت پسندوں کے پانچ مبینہ معاونین کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ ملزمین پر علاقے میں پوسٹروں کے ذریعے عوام کو ڈرانے دھمکانے کا الزام تھا۔
اس سلسلے میں ترال کے ایس ڈی پی او ڈاکٹر اعجاز ملک نے میڈیا کو بتایا کہ بارہ جنوری کو ترال کے بٹہ گنڈ، سیر اور قرب و جوار کے دیہات میں عسکری تنظیموں کے پوسٹر چسپاں پائے گئے تھے۔ پولیس نے اس معاملے میں تحقیقات کا آغاز کیا اور بالآخر ملوث پانچ ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
گرفتار شدگان کی شناخت جہانگیر احمد، اعجاز احمد پرے، توسیف احمد لون، سبزار احمد بٹ، قیصر احمد ڈار ساکنان گلشنِ پورہ، ترال کے طور پر ہوئی ہے۔
ایس ڈی پی او نے دعویٰ کیا کہ ان کے قبضہ سےایک لیپ ٹاپ، ایک پرنٹر اور دھمکی آمیز پوسٹر برآمد کیے ہیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار کے گئے ملزمین سے تفتیش جاری ہے۔