ڈی ڈی سی ممبر ڈاکٹر ہربخش سنگھ جو کہ ضلع سطح کے اسٹینڈنگ کمیٹی برائے تعلیم اور صحت عامہ پلوامہ کے چیئرمین بھی ہیں۔ انہوں نے آج ترال کے مختلف دیہات کا دورہ کیا اور مختلف منصوبوں پر جاری کام کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے کئی تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کا دورہ کیا۔ موصوف نے نورپورہ میں ہائر سیکنڈری اسکول، ڈاڈسرہ پی ایچ سی اور ہائر سیکنڈری کا دورہ کیا اور وہاں عوامی وفود سے ملاقات کی۔
اس موقع پر مقامی لوگوں نے انہیں درپیش مسائل سے واقف کیا جس پر موصوف نے مسائل کے حل کے لیے یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کے مسائل کے ازالے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے بتایا کہ جب سے انہوں نے چارج سنبھالا ہے تبھی سے ان کی کوشش رہی ہے کہ تعلیم اور صحت عامہ کے حوالے سے لوگوں کی مشکلات کا جائزه لیا جئے اور ایک مفصل رپورٹ سرکار کو پیش کی جائے۔ تاکہ آنے والے مالی برس میں اس حوالے سے عوام کو بہتر سہولیات دستیاب ہوسکے، کیونکہ گزشتہ مالی برس رپوٹ پیش کرنے کے لیے موزوں وقت نہیں ملا تھا۔'