پلوامہ (جموں کشمیر) : جہاں ایل جی انتظامیہ جموں و کشمیر میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے آئے روز اقدامات اٹھانے کا دعویٰ کر رہی ہے وہیں جنوبی کشمیر کے آری پل، تحصیل کے ساتھ منسلک گلشن پورہ گاؤں کی سڑک انتہائی خستہ ہو چکی ہے۔ خستہ حال سڑک کے باعث عوام کو عبور و مرور میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی باشندوں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’مین روڑ سے شیخ محلہ کو جانے والی رابطہ سڑک نہ صرف خستہ بلکہ انتہائی تنگ بھی ہے جس سے لوگوں کو زبردست ذہنی اور جسمانی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘‘ انہوں نے متعلقہ محکمہ خاص کر انتظامیہ کی تنقید کرتے ہوئےکہا: ’’موجودہ دور کو ڈیجیٹل دور تو کہا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے شیخ محلہ کے لوگوں کو آج بھی مین سڑک تک پہنچنے کے لیے پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں۔‘‘
ایک مقامی معمر خاتون نے بتایا کہ سڑک کی تنگ دامانی سے ان کو سماجی مشکلات بھی درپیش ہیں اور جب کوئی شخص فوت ہوتا ہے تو لوگ میت کو بھی اچھی طرح کندھا نہیں دے پاتے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’اس محلے میں مہلک امراض میں مبتلا مریضوں کو بھی اسپتال لے جانے کے لیے انہیں کندھوں پر اٹھا کر مین سڑک تک پہنچانا پڑتا ہے، کیونکہ خستہ حال سڑک پر گاڑی کا گزر بھی ناممکن ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: Shahabad Tral road Dilapidated: شاہ آباد پائین، ترال کی رابطہ سڑک خستہ
لوگوں نے دعویٰ کیا کہ بار بار دیہی ترقی محکمہ کی نوٹس میں لائے جانے اور یقین دہانیوں کے باوجود زمینی سطح پر معاملات ہنوز تشنہ تکمیل ہیں۔ شیخ محلہ، گلشن پورہ کی آبادی نے ایل جی انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ ادھر، اس حوالے سے بی ڈی او آری پل،منیر حسین، نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کو فون پر بتایا کہ وہ آج ہی اس حوالے سے جائزہ لیں گے اور دیکھیں گے کہ شیخ محلہ کی یہ بستی سڑک رابطے سے کیوں محروم ہے۔