ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی کشمیر رئیس محمد بھٹ نے مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ضلع اونتی پورہ کا آج دورہ کیا ،اس دورہ کے دوران انہوں نے ترال میں تفریحی ہال کا افتتاح کرنے کے علاوہ نو جوانوں کے مسائل اور شکایات کے ازالہ کے لئے دربار منعقد کیا اور جے آئی سی کا معائنہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران ڈی آئی جی کے ہمراہ ایس ایس پی اونتی پورہ محمد یوسف بھی موصوف کے ہمراہ تھے۔ اپنے خطاب میں انھوں نے افسران اور جوانوں کو اپنے فرائض پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کا اعتماد حاصل کریں۔ انہوں نے افسران اور جوانوں کو بھی تلقین کی کہ وہ مخلصانہ کوششوں کے ساتھ اچھا کام کرتے رہیں اور فرائض کی انجام دہی کے دوران چوکس رہیں۔
بعد ازاں ڈی آئی جی نے جے آئی سی اونتی پورہ کا دورہ کیا اور افسران اور اہلکاروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے ریکارڈ کا معائنہ کیا اور جدید تکنیک استعمال کرتے ہوئے ریکارڈ کو برقرار رکھنے کے حوالے سے ہدایات دیں۔ ڈی آئی جی نے افسران کو ہدایت کی کہ کسی بھی انسداد دہشت گردی آپریشن یا امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے دوران لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ امن دشمن عناصر کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے مزید لگن کے ساتھ کام کریں۔
مزید پڑھیں:ترال۔ڈی ڈی سی ممبر ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے ترال کا دورہ کیا