پلوامہ (جموں کشمیر): ڈی ڈی سی ممبر ترال، ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے جنوبی کشمیر کے ترال علاقے کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈی ڈی سی ممبر نے ترال کے تاریخی مقام گپھ کرال کا دورہ کرکے قدیم غاروں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران مقامی باشندوں نے ڈی ڈی سی ممبر کو علاقے میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ موصوف نے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کی۔ ڈی ڈی سی ممبر نے بعد ازاں ترال کے ہردومیر علاقے میں دیہی ترقی کی جانب سے تعمیر کی گئی ایک سڑک کا افتتاح کیا اور امیرآباد میں بھی کئی کاموں کا جایزہ لیا۔
ڈاکٹر ہربخش نے گپھ، کرال کے تاریخی غاروں کی ابتر صورتحال پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’تاریخی اہمیت کے حامل یہ غار، آج زبوں حالی کی داستان بیان کر رہے ہیں اور محکمہ آثار قدیمہ اس حوالے سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔‘‘ انہوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ معاملات جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی نوٹس میں لانے کی سعی کریں گے تاکہ ان تاریخی غاروں کو آنے والی نسلوں تک محفوظ بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
مزید پڑھیں: Guphkral Lacks Road Facilities گھپ کرال علاقے کی خستہ حال سڑک عوام کے لیے درد سر
واضح رہے کہ ترال ٹاؤن سے محض دو کلومیٹر کی دوری پر واقع غار قدیم تاریخ کا ایک حصہ ہے اور اور مقامی باشندوں کا ماننا ہے کہ یہ غار برزہامہ غاروں سے بھی قدیم ہیں۔ ڈی ڈی سی ممبر نے مزید کہا کہ وہ آرکیولاجی آف انڈیا سے بھی خط و کتابت کے ذریعے ان غاروں کے تحفظ کو یقینی بنائے جانے کی اپیل کریں گے۔