پلوامہ (جموں و کشمیر): ڈی ڈی سی ممبر، ترال، ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے سب ضلع ترال کے مختلف دیہات کا دورہ کرکے عوامی وفود سے ملاقات کی۔ ڈی ڈی سی ممبر اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) ترجمان ہربخش سنگھ نے دورے کے دوران قویل، شکارگاہ میں جنوبی کشمیر کے پہلے اوپن ایر جم کا افتتاح بھی کیا جس کی وجہ سے ترال میں پہلی مرتبہ دیہی سطح پر جم کی سہولیات فراہم ہو گئی اور اس طرح اس علاقے کے باشندوں، خاص کر بچوں کو جم کی سہولت گھر کی دہلیز پر میسر رہے گی۔
مقامی باشندوں نے جم سینٹر کھولنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت اس سے قبل یہاں میسر نہیں تھی۔ اوپن ایئر جم کے افتتاح سے قبل ہربخش سنگھ نے ہفو، نگین پورہ میں شمشان گھاٹ اور رٹھسونہ، ترال میں ایک پل کا افتتاح کیا جو کہ مقامی بستیوں کی ایک دیرینہ مانگ تھی۔ دورے کے دوران مختلف عوامی وفود بھی ڈی ڈی سی موصوف سے ملاقی ہوئے جنہوں نے اپنے مسائل سے ڈی ڈی سی ممبر کو جانکاری دی۔
دورے کے دوران عوامی وفود سے ملاقات اور ان کے مسائل سننے کے بعد سنگھ نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کر کے ترجیحی بنیادوں پر مسائل حل کریں گے۔ اس موقع پر بی ڈی او ترال، شفیق احمد اور دیگر عہدیدار بھی موصوف کے ہمراہ تھے۔ میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے بتایا کہ شکار گاہ میں شروع کیا گیا اوپن ایر جم جنوبی کشمیر کا پہلا اوپن ایر جم ہے اور اس جم کی شروعات یہاں کے لوگوں کا ایک دیرنہ مطالبہ تھا۔
مزید پڑھیں: اوپن ایئر جم سے نوجوان کررہے ہیں استفادہ
سنگھ نے مزید کہا کہ بحیثیت ڈی ڈی سی، ممبر وہ عوامی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام نے انکو منڈڈیٹ دیا ہے اور وہ عوام کے مفادات کا کبھی بھی سودا نہیں کریں گے۔ اوپن ایئر جم کے حوالہ سے انہوں نے مقامی باشندوں سے جم کی قدر اور حفاظت کی بھی تلقین کی۔