جموں و کشمیر کے ترال میں جل شکتی محکمے میں کام کر رہے سینکڑوں کیجول ورکروں نے اپنی ملازمت کو مستقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاج کے دوران مظاہرین اپنے ہاتھوں میں بینر لیکر نعرے بلند کررہے تھے۔ مظاہرین نے بتایا کہ وہ بیس بیس برسوں سے محکمہ جل شکتی کو اپنی خدمات دے رہے ہیں اور ہر وقت محکمہ کے مستقل ملازمین کے ساتھ شانہ بشانہ کام بھی کررہے ہیں لیکن ہماری ملازمت کو مستقل کرنے کے حوالے سے انتظامیہ سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی ہے۔
مظاہرین نے مزید کہا کہ کئی ماہ سے تنخواہوں کو بھی واگزار نہیں کیا گیا ہے، جسکی وجہ سے ان کے اہل خانہ فاقہ کشی کے شکار ہورہے ہیں اور ان کے بچوں کو بھی اسکولوں سے نکالا جا رہا ہے، اس لیے انھوں نے انتطامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے۔