پلوامہ: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 182 بٹالین نے ٹہاب علاقے میں ’’کھیلو انڈیا میتری‘‘ کے تحت والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد عمل میں لایا۔ ٹورنامنٹ میں ٹہاب اور اس سے ملحقہ علاقوں کی 6 ٹیموں نے شرکت کی۔ فائنل مقابلہ نائرہ اور چندگام کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں چندگام نے دو پوائنٹ سے جیت درج کرکے اس ٹورنامنٹ کو اپنے نام کر لیا۔
اس موقع پر کھلاڑیوں نے سی آر پی ایف کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ ’’اس طرح کے ٹورنامنٹ کا انعقاد آگے بھی کیا جانا چاہئے تاکہ نوجوان نسل کھیل کود کے ساتھ منسلک ہو جائے اور انہیں اپنے ہنر کو نکھارنے کا بھی موقع مل سکے۔‘‘ ادھر، زونل فزیکل آفیسر منظور احمد نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کھیل کود کے ساتھ ساتھ سی آر پی ایف بھی نوجوانوں کو کھیل کود کے ساتھ منسلک رکھنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے جو کہ ایک اچھی پہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف نوجوان نسل جسمانی طور بلکہ ذہنی طور پر بھی تندرست رہ سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: CRPF Organizes Volleyball Match سی آر پی ایف کی جانب سے والی بال میچ کا انعقاد
منتظمین نے مستقبل میں بھی اس طرح کے مزید ٹورنامنٹس کے انعقاد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنائے جانے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے ساتھ ہی سویک ایکشن پروگرام کے تحت اس طرح کے پروگرامز کا انعقاد بھی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل سرگرمیوں کے علاوہ حفاظتی فورسز کی جانب سے مختلف ہنر بخش کورسز بھی سکھائے جاتے ہیں۔