جنوبی ضلع پلوامہ کے کوئل علاقے میں بارڈر سکیورٹی فورس کے ایک اہلکار نے مبینہ طور پر اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے کوہل علاقے میں بی ایس ایف کی 33ویں بٹالین کے ایک سپاہی پریم پرکاش نے مبینہ طور پر اپنے ہی سروس بندوق سے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ اگرچہ فوجی اہلکار کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے ان کو مردہ قرار دیا۔ پولیس نے واقعہ کی نسبت متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اننت ناگ میں لڑکی نے خود کو پھانسی لگالی
قابل ذکر ہے کہ سکوریٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر میں تعینات سکوریٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔
سابق مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سبھاش بھامرے نے گزشتہ سال ماہ فروری میں راج سبھا میں فوجی جوانوں کی طرف سے خودکشیاں کرنے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سال 2018 کے دوران 80 فوجی اہلکاروں نے خودکشی کی جب کہ ہوائی فوج میں 16 اہلکاروں اور نیوی میں 8 اہلکاروں نے خودکشی کی۔
انہوں نے کہا کہ سال 2017 میں 75 فوجی اہلکاروں کے بارے میں شک کیا جاتا ہے کہ انہوں نے خودکشی کی ہے جب کہ سال 2016 میں 104 فوجی اہلکاروں کی موت خودکشی کرنے سے واقع ہوئی ہے۔