سرینگر: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے سرینگر کے مضافاتی علاقہ زیون میں ایک روزہ پارٹی ورکرز کنونشن کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ کنونشن میں کارکنان کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ کنونشن کے دوران کئی مقامی باشندوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن کا بی جے پی کے حلقہ انتخاب لال چوک کے انچارج اور ڈی ڈی سی ممبر بالہامہ انجینئر اعجاز حسین نے والہانہ استقبال کیا۔
کنونشن کے دوران خطاب کرتے ہوئے انجینئر اعجاز حسین نے کہا: ’’جموں و کشمیر کے باشندوں نے اُن تمام پارٹیوں کو ٹھکرایا ہے جنہوں نے جموں کشمیر میں لوگوں کو لگاتار اور مسلسل دھوکہ دیا۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’بھارتیہ جنتا پارٹی واحد ایک ایسی پارٹی ہے جو جموں کشمیر میں امن و امان اور ترقی کی راہ کو ہموار بنانے میں اپنا بہترین رول ادا کر ہی اور اسے آئندہ برسوں کے دوران بھی جاری رکھا جائے گا۔
تقریب کے حاشیہ پر اعجاز حسین نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’بی جے پی کی پالیسیوں اور کام کرنے کے طریقہ کار کو عوام الناس نے نہ صرف قبول کیا ہے بلکہ اس کی پذیرائی کر رہے ہیں۔ ان ہی عوام دوست پالیسیوں سے متاثر ہو کر لوگ جوق در جوق بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔‘‘
مزید پڑھیں: Avtar Singh Trali Joins BJP گھرواپسی کا فیصلہ سوچ سمجھ کر لیا، اوتار سنگھ ترالی
انہوں نے جلسے میں شریک لوگوں سے کہا کہ وہ پارٹی کے منشور کو آگے بڑھانے میں اپنا رول ادا کریں تاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی ایک مضبوط پارٹی کے طور پر ابھر کر سامنے آئے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعجاز حسین نے دعویٰ کیا کہ ’’بھارتیہ جنتا پارٹی ووٹ بینک حاصل کرنے کے لئے سیاست نہیں کر رہی ہے بلکہ ہماری جماعت کا مقصد اور منشور ہی سب کا ساتھ اور سب کا وکاس ہے۔‘‘