ترال:وادی کے دیگر علاقوں کی طرح آج سب ضلع ترال میں بھی بیساکھی کا تہوار عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا جس دوران ان دیہات میں جہاں سکھ فرقہ سے وابستہ لوگ آباد ہیں میں خاصی چہل پہل دیکھنے کو مل رہی تھی۔اس دوران بچوں نے رنگ برنگے کپڑے پہنے ہوئے تھے جبکہ گردواروں میں خصوصی پوجا پاٹ کا اہتمام کیا گیا اور عالمی امن کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئی۔ ترال میں بیساکھی کے حوالے سے تقریبات سیموہ،دیور،چھترگام، بیگنڈ، چندریگام، ہفو اور دیگر دیہات میں منعقد ہوئی جس دوران مقامی مسلمانوں نے سکھ برادری کو مبارکباد پیش کی اور روایتی بھائی چارے کو زندہ رکھا۔
سیموہ بالا کے مقامی گردوارے گردوارہ سنگھ سبھا میں بھی بیساکھی کے حوالے سے ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سکھ عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے شمولیت کی اور وہاں شبد کیرتن اور پوجا پاٹ کی مجالس میں شمولیت کی۔ مردوں کے علاوہ مقامی خواتین اور بچوں نے بھی ان مجالس میں شرکت کی ۔اس موقع پر سکھ مت کے فلسفے کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عالمی سطح پر امن وامان کا ایک نیا دور شروع ہو جائے ۔
انتظامیہ نے عقیدت مندوں کے لیے مناسب اقدامات کیے تھے۔میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے سیموہ کے معروف سماجی کارکن ماسٹر پوشوندر سنگھ نے بتایا کہ بیساکھی کا پیغام یہی ہے کہ ہم۔ آپس میں پیار ومحبت سے رہیں اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہوں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کشمیر میں ہم ہر تہوار عقیدت و احترام کے ساتھ مناتے ہیں اور آج ہماری بیساکھی کے موقع پر مسلم بھائیوں نے ہمیں مبارکباد پیش کی اور عید آنے والی ہے اور پھر ہم انہیں مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
وادی میں بیساکھی کے تہوار کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب گرمائی راجدھانی سرینگر میں کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی۔سکھ عقیدت مندوں کی بڑی تعددا، جس میں خواتین، بوڑھے اور بچوں کی خاصی تعدداد شامل تھی، نے صبح سویرے سے ہی اس گردوارے پر حاضری دینا شروع کی تھی۔ اس موقعے پر سکھ عقیدت مندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: Baisakhi Celebrated in Mattan اننت ناگ میں بیساکھی کا تہوار بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا
چھٹی پادشاہی گردوارہ تقریب کی طرز پر بارہمولہ، ترال، جواہر نگر، صنعت نگر، برزلہ اور وادی کےد وسرے مقامات پر بھی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔
دریں اثنا سرینگر میں واقع مغل باغات بشمول نشاط، شالیمار اور چشمہ شاہی کو جمعے کے روز سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
تاہم یہ باغات غیر سرکاری طور پر گذشتہ ایک ماہ سے سیاحوں کے لئے کھلے تھے۔صوبہ جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں بھی بیسکاھی کا تہوار انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ہے۔اس موقع پر شہر کے تمام گردواروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔ صوبے کے دوسرے اضلاع بشمول ادھم پور، کٹھوعہ اور سانبہ میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔