اونتی پورہ پولیس نے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے دو سو سے زائد کنبوں میں مفت کووڈ19 سیفٹی کٹس تقسیم کئے۔
ضلع پولیس اونتی پورہ نے ضرورت مند اور حاجت مند لوگوں کی مدد کو جاری رکھتے ہوئے جمعرات کو کھریو اور پانپور علاقے کے 232 غریب اور مسکین کنبوں میں کووڈ 19 سیفٹی کٹس تقسیم کیے۔
تقسیم شدہ کووڈ19 سیفٹی کٹس میں اسٹیمر، چہرے کی شیلڈ، سرجیکل ماسکس، آکسی میٹر، ڈیجیٹل تھرما میٹر، سینیٹائزر، دستانے، اور ہینڈ واش وغیرہ شامل تھے۔
عالمی وبا کورونا وائرس کے تئیں حفاظتی تدابیر کو مد نظر رکھتے ہوئے پولیس تھانہ پانپور اور کھریو کے حد اختیار میں آنے والے غریب اور مفلس گھرانوں میں یہ کٹس مفت تقسیم کیے گئے۔
مقامی لوگوں نے پولیس کے اقدامات کی سراہانا کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم جیسے غریب لوگ یہ سب ضروری اشیاء نہیں خرید سکتے، تاہم پولیس نے یہ ضروری چیزیں فراہم کر کے ایک خوش آئند قدم اٹھایا ہے۔‘‘
اس ضمن میں ڈی ایس پی پانپور امتیاز احمد نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس آئندہ بھی لوگوں کی مدد کے لیے پیش پیش رہے گی۔
کٹس تقسیم کی تقریب میں ایس ڈی پی او پانپور امتیاز احمد، ایس ایچ او پانپور منظور احمد، ایس ایچ او کھریو ظہور احمد کے علاوہ متعدد پولیس افسران موجود تھے۔