پلوامہ انتظامیہ نے قصبہ پانپور سے چند کلو میٹر کی دوری پر واقع ”دُسو“ گاوں کو اُس وقت کنٹیمنٹ زون قرار دیا جب گاوں سے وابستہ ایک ہی کنبے کے نو افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
انتظامیہ کے افسروں نے مذکورہ کنبے کے مثبت افراد کو گھر میں ہی الگ الگ طور پر قرنطین کر کے رکھا ہے جبکہ گاؤں میں ایک بینر لگا کر لوگوں کو اس زون میں آنے جانے سے پرہیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
اس سلسلے میں بلاک میڈیکل افسر پانپور گلزار احمد نے کہا کہ دسو پانپور کو کنٹینمنٹ زون قرار دینے کے بعد قصبہ میں اب تک پانچ کنٹینمنٹ زون قاٸم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مثبت کیسز کے اضافے کے پیش نظر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال پانپور میں کورونا وائرس ٹیسٹنگ میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ اس مہلک بیماری میں مبتلا مریضوں کی نشاندہی کر کے اس بیماری کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔
میڈیکل افسر نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں تاکہ اس بیماری سے پھیلنے والے انفکیشن کو روکا جا سکے۔