پلوامہ (جموں کشمیر) : فوج نے محکمہ پشو پالن اور محکمہ صحت، ترال کے اشتراک سے ضلع پلوامہ کے دور افتادہ علاقہ ستورا، ترال میں میڈیکل کم ویٹرنری کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا۔ کیمپ کے دوران سینکڑوں افراد بشمول خواتین، بزرگوں اور بچوں نے شرکت کی جبکہ درجنوں مویشیوں کا علاج و معالجہ بھی کیا گیا۔ اس میڈیکل کیمپ کو مقامی باشندوں نے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے کیونکہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا ایسا کیمپ تھا جو اس دور دراز علاقے میں منعقد کیا گیا تھا جہاں صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور خوراک جیسی بنیادی سہولیات تک رسائی محدود ہے۔
کیمپ کے دوران نہ صرف ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں اور جانوروں کا طبی معائنہ کیا بلکہ مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ فوج اور سیول ڈاکٹروں کی مشترکہ کوششوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ تمام مریضوں کو صحت کا معائنہ اور مشاورت حاصل ہو۔ مقامی باشندوں نے اس میڈیکل کم ویٹرنری کیمپ کے انعقاد پر فوج کی ستائش کرتے ہوئے ان کی کاوشوں پر ان شکریہ بھی ادا کیا۔ طبی کیمپ میں لوگوں کی خاصی تعداد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ لوگوں نے فوج، متعلقہ محکمہ جات سے مستقبل میں بھی اس طرح کے مزید کیمپس کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔
مزید پڑھیں: CRPF Medical Camp سویک ایکشن پروگرام کے تحت مفت میڈیکل کیمپ منعقد
قابل ذکر ہے کہ فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے ’’سویک ایکشن پروگرام‘‘ کے تحت اس طرح کے میڈیکل کیمپ کے علاوہ روزگار بخش کورسز، ٹریننگ کیمپس کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔