پلوامہ (جموں و کشمیر) : ڈسٹرکٹ کِک باکسنگ ایسو سی ایشن پلوامہ کی جانب سے انڈور اسٹیڈیم ترال میں کِک باکسنگ چمپئن شپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں ترال کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے کھلاڑیوں نے شرکت کی اور اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین کے دل موہ لئے۔ پروگرام کے آخر میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو سادی مگر پُر وقار تقریب کے دوران اعزازات سے نوازا گیا۔
کک باکسنگ چمپئن شپ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی ترجمان الطاف ٹھاکر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ ضلع کے اقلیتی مورچہ کے وائس پریذیڈنٹ اعجاز احمد شاہ اور چیرمین مونسپل کمیٹی ترال منظور احمد خان کے علاوہ درجنوں کھیل شائقین نے بھی شرکت کرکے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ پروگرام کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے الطاف ٹھاکر نے نوجوانوں کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیل کود کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’ایک ایسے وقت میں جبکہ پاکستان عسکریت پسندی پھیلانے میں ناکام ہو چکا ہے اب وہ منشیات کو فروغ دیکر نارکو ٹیررزم کو فروغ دے رہا ہے۔‘‘
جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے بارے میں بات کرتے ہوئے الطاف ٹھاکر نے کہا کہ الیکشن منعقد کرانا الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے اور ’’موزوں وقت پر انتخابات کا بگل بجایا جائے گا۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’جب بھی جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے بی جے پی الیکشن میں بہتر کارکردگی کی بنیاد پر پچاس سے زائد سیٹیں حاصل کرے گی اپنے دم پر حکومت قائم کرے گی اور آئندہ انتخابات میں وزارت اعلیٰ کا قلمدان بھی بی جے پی کے پاس ہی ہوگا۔‘‘
مزید پڑھیں: Narco Terrorism Rises in JK: کشمیر میں منشیات کے کاروبار میں اضافہ کیوں؟