پلوامہ (جموں کشمیر) : محکمہ زراعت کی جانب سے جنوبی کشمیر کے ٹاؤن ہال، ترال میں ایک تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں مگس بانی میں پی آر آئی ممبران، انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے مگس بانی شعبے کی ترقی اور فروغ کے لیے سرکار کی جانب سے کیے جا رہے کام اور وضع کی گئی اسکیموں میں بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے اس شعبہ سے وابستہ کسانوں کو سرکاری اسکیموں سے استفادہ حاصل کرنے کی تلقین کی۔
پروگرام کے دوران ماہرین نے مگس بانی صنعت کو فروغ دینے کے حوالے سے اپنے تجربات اور جدید سائنسی تحقیقات سے بھی حاضرین کو آگاہ کیا جبکہ مگس بانی صنعت سے وابستہ افراد نے کئی معاملات کو لیکر استفسارات پیش کیے۔ پروگرام کے آخر پر کئی مستحقین میں سیل لیٹرس بھی تقسیم کیے گئے۔ تربیتی پروگرام میں ایس ڈی او شکیل احمد شاہ، ڈاکٹر رفیق احمد راتھر، عاشق حسین میر سمیت دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات اور تجربات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔
مزید پڑھیں: Bee Flora Park in Baramulla: مگس پروری کو فروغ دینے کی غرض سے 'بی فلورا باغ' کا قیام
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈی ڈی سی ممبر ترال ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے بتایا کہ مگس بانی کی صنعت کو فروغ دینے کے حوالے سے جہاں متعلقہ اداروں کو متحرک ہونے کی ضرورت ہے وہیں عام لوگوں کو بھی اس حوالے سے دلچسپی کا اظہار کرنا چاہئے۔ چیف ایگریکلچر آفیسر پلوامہ نے بتایا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے مگس بانی کو فروغ دینے کے لیے جانکاری کیمپس کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور مستقبل میں مزید کیمپ منعقد کیے جائیں گے۔ ٹاؤن ہال، ترال میں منعقدہ بیداری پروگرام کی صدارت ڈی ڈی سی ممبر ترال، ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے کی جبکہ اس موقع پر اے ڈی سی ترال ظفر حسین شال، جوائنٹ ڈائریکٹر جی ایم دھوبی اور مگس بانی سے وابستہ مقامی کسانوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔