جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں انتظامیہ کی جانب سے 15برس بعد للہار، رتنی پورہ سڑک کی مرمت سے عوام کافی خوش نظر آ رہی ہے، وہیں انتظامیہ سے خستہ حال پل کی تعمیر و مرمت کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں کا کہنا تھا کہ خستہ حال سڑک سے راہگیروں اور مقامی آبادی کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کئی افراد خستہ حال سڑک کے باعث وقت پر اسپتال نہ پہنچنے کے سبب فوت بھی ہو چکے ہیں۔ مقامی آبادی نے سڑک کی مرمت اور تارک کول بچھائے جانے پر انتظامیہ کی سراہنا کی۔
وہیں انہوں نے خستہ حال للہار، کاکہ پورہ پُل کی جلد سے جلد مرمت یا تعمیر نو کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق سن 2014کے تباہ کن سیلاب میں مذکورہ پُل کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا، جس کی اب تک تعمیر و مرمت نہیں کی گئی۔
مقامی باشندوں کے مطابق کاکہ پورہ کے کئی دیہات کی عوام کو روزانہ اس پُل سے سفر کرنا پڑتا ہے اور ’’خستہ حال پُل کبھی بھی کسی بڑے حادثے کا موجب بن سکتا ہے۔‘‘