لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے آج پلوامہ ضلع کے پانپور علاقے میں زعفران پارک کا دورہ کر کے وہاں قائم کئے گئے زعفران تحقیقی سٹیشن میں دستیاب سہولیات اور کام کاج کا جائزہ لیا۔
ناظم زراعت کشمیر اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ محکمہ زراعت کشمیر کو رجسٹرار آف جغرافیکل انڈکیشن چنئی اور مرکزی حکومت کی جانب سے پلوامہ، بڈگام، سری نگر اور کشتواڑ اضلاع کے تعلق سے زعفران کے لئے سر ٹیفکیٹ آف رجسٹریشن ملا ہے۔
کشمیری زعفران کو جی آئی ٹیگنگ ملنے کے تعلق سے مشیر موصوف نے کہا کہ ''اِس سے زعفران کی عالمی سطح پر تجارت میں اضافہ ہوگا اور زعفران اُگانے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی کیوں کہ انہیں اپنی فصل کے لئے مناسب قیمتیں ملیں گی۔''
جی آئی ٹیگنگ حاصل کرنے کے لیے سکریٹری زراعت اور ناظم زراعت کشمیر کو مبارک باد دیتے ہوئے مشیر نے کہا کہ یہ سند ملنے سے زعفران کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔
اس موقعہ پر ناظم زراعت کشمیر الطاف اعجاز اندرابی نے محکمہ کی مختلف سرگرمیوں اور حصولیابیوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ بعد میں گورنر کے مشیر نے ایگریکلچر کمپلیکس لال منڈی میں 5کروڑ روپے مالیت کی 9 ریفریجڑ گاڑیاں تقسیم کیں جس کا مقصد کسانوں کو سہولیت فراہم کرنا ہے۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ ''ریفریجڑ گاڑیوں کی مدد سے سبزیوں اور دیگر فصلوں کی بہتر مارکیٹنگ یقینی بنے گی ۔''
انہوں نے اس کی گنجائش سال 2019-20 کے بجٹ میں رکھی تھی۔
مشیر موصوف نے ایگریکلچر محکمہ کی جانب سے قائم کی گئی فلوری کلچر ڈیولپمنٹ پارک کا بھی دورہ کیا۔
اُنہیں بتایا گیا کہ محکمہ نے یہاں ایک پودا لگایا ہے جسے عنقریب خوشبو دار تیل حاصل کیا جائے گا جس کی جموں وکشمیر اور دیگر ریاستوں میں مارکیٹنگ کی جائے گی۔