اونتی پورہ: جموں و کشمیر کے اونتی پورہ کا دورہ کرتے ہوئے ایڈشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (کشمیر زون) وجے کمار نے صورتحال کا جائزه لیا۔ انہوں نے سیکورٹی کے منظر نامے، انسداد دہشت گردی آپریشنز، امن و امان، انسداد منشیات مہم اور روزمرہ کی پولیسنگ سے متعلق دیگر امور کے بارے میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔
میٹنگ میں ڈی آئی جی ساؤتھ رئیس محمد بھٹ آئی پی ایس، ڈی آئی جی سی کے آر، سوجیت کمار آئی پی ایس، ڈی آئی جی سی آر پی ایف ڈی پی اپادھیائے، ایس ایس پی اونتی پورہ محمد یوسف، ایس ایس پی اننت ناگ آشیش کمار مشرا کے علاوہ متعدد پولیس اور سی آر پی ایف کے دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران اے ڈی جی پی نے ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی کوششوں کو سراہا۔
میٹنگ کے دوران انہوں نے مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی آپریشنز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں سے نمٹنے کے دوران پیشہ ورانہ انداز اپنائیں۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ سیکورٹی گریڈ کو مضبوط بنائیں اور زمینی سطح پر کام کرنے والی ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ دہشت گردوں کے ساتھیوں پر کڑی نظر رکھیں اور ان کے خلاف قانون کے تحت تمام ضروری اقدامات کریں۔