پلوامہ: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) 182 بٹالین نے ضلع کے مختلف علاقوں کے اسکولی بچوں کے لیے بھارت درشن ٹور کا اہتمام کیا۔ سی آر پی ایف عہدیداروں کے مطابق ضلع کے باصلاحیت بچوں کو فن، ثقافت، روایت، سماجی ہم آہنگی اور ’’ایک بھارت، شریسٹھ بھارت‘‘ کا از خود مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کرنے کے مقصد سے چھ روزہ بھارت درشن ٹور کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جبکہ تعلیمی لحاظ سے بھی یہ کافی اہمیت کا حامل ہے اور اس سے بچوں کو کافی کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ بچے وقت کی اہمیت اور اس کا صحیح استعمال کرنا سیکھیں گے۔
بھارت درشن ٹور پر روانہ ہونے سے قبل طلبہ نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’اس طرح کے ٹور زیادہ سے زیادہ منعقد کیے جانے چاہیے تاکہ وادی کشمیر کے بچوں کو وادی سے باہر جانے کا موقع ملے، ساتھ ہی وہ وادی کے باہر کے ماحول سے بھی آگاہ ہوں سکیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے ٹور مستقبل میں منعقد ہونے چاہئے تاکہ جموں و کشمیر کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے بچوں کو بھی اس طرح کے ٹور پروگرامز سے کچھ سیکھنے کا موقع فراہم ہوگا۔
بعد ازاں محکمہ تعلیم کے ڈی ای پی او، منظور احمد اور سی آر پی ایف 182 بٹالین کے کمانڈنٹ افسر دیپک دوندیال نے جھنڈی دکھا کر بچوں کو ٹور پر روانہ کر دیا۔ ان چھ دنوں کے دوران طلباء دارالحکومت دہلی اور جے پور میں تاریخی مقامات اور قومی اہمیت کے مقامات کا دورہ کریں گے۔ وہی طلباء اس دورے کے لیے پرجوش نظر آ رہے تھے۔ اس ٹور میں 20 بچے اور دو اساتذہ شامل ہیں جن کو یونٹ افسران کی موجودگی میں روانہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: Bharat Darshan Tour بھارت درشن ٹور سے لوٹے طلبہ کا پلوامہ میں استقبال
قبل ازیں کمانڈنٹ، سی آر پی ایف نے طلباء سے خطاب کیا اور منعقد کئے گئے ٹور کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ یہ پروگرام سی آر پی ایف کے سویک ایکشن پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا تھا۔ جبکہ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سی آر پی ایف کی جانب سے کئی پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے اور اسی سلسلے میں آج سی آر پی ایف نے بھارت درشن ٹور پروگرام کا انعقاد کیا تھا۔ ادھر، محکمہ تعلیم کے ڈی ای پی او منظور احمد نے کہا کہ یہ ٹور بچوں کے لئے کافی اہمیت کا حامل ہے اور اس سے بچوں کو وادی سے باہر جانے کا موقع مل رہا۔