رہبر تعلیم ٹیچرز فورم پونچھ کے ضلع صدر حامد نباض نے پریس کانفرنس کے دوران وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میرے ضلع کے سینکڑوں اساتذہ اس وقت سینیارٹی لسٹ سے باہر ہورہے ہیں، اس کا زمہ دار محکمہ ایجوکیشن ہے جس نے ہماری گزارشات کے باوجود ابھی تک مسئلہ حل نہیں کروایا۔
انہوں نے کہا کہ اسی محکمہ نے اساتذہ کو اگنو یونیورسٹی سے بی ایڈ کروانے کے لئے اندراج کروایا۔ اس کے بعد اساتذہ کو بیچ راہ میں چھوڑ دیا کیونکہ ڈگری کے امتحانات کئی ماہ پہلے مکمل ہو گئے تھے۔ ابھی تک گریڈ کارڈ مہیا نہیں کروائے گئے جو ایک سوچی سمجھی سازش لگ رہی ہے۔
انہوں نے مذید کہا کہ ڈی ایل ایڈ کے امتحانات مکمل ہوئے ایک سال ہو گیا، مگر انہیں بھی ابھی تک گریڈ کارڈ نہیں دیے گئے جس کی وجہ سے یہ اساتذہ سروس ریکارڈ میں درج نا کروا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈل اور وولر جھیل سے کیوں ہورہی ہیں مچھلیاں غائب؟
فورم کے صدر نے اس مسئلہ کو جلد حل کیے جانے کا مطالبہ کیا۔ فورم کے سینئیر لیڈر ایم ایم پٹھان نے ڈائریکٹر ایجوکیشن جموں سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ کو جلد حل کیا جائے تاکہ اساتذہ کے ساتھ انصاف ہو اور ہمارا نام بھی پروموشن لسٹ میں شامل کیا جائے۔