جموں و کشمیر، ضلع پونچھ کے مینڈھر تحصیل میں طلباء یونین نے وسیم رضوی کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت سے اس کو گرفتار کرکے پی ایس اے لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ احتجاج طلباء یونین کے صدر دلشاد قادری کی قیادت میں کیا گیا، جس میں طلباء یونین کے صدر نے کہا کہ وسیم رضوی نے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے اس لیے حکومت کو اس کےخلاف سخت کاروائی کرنی چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ ہمارا یقین ہے کہ قرآن کریم کی حفاظت اللہ تعالیٰ نے اپنے ذمہ لے رکھی ہے لیکن اس شخص نے دوسرے لوگوں کے دلوں میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پیدا کرنے کے لیے ایسا کام کیا ہے، جو کہ انسانیت کے لیے خطرہ ہے، اس لیے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس شخص کو گرفتار کرکے کے اس کے خلاف پی ایس اے لگایا جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی شخص ایسا کام دوبارہ نہ کرسکے۔