پونچھ (جموں و کشمیر) : سرحدی ضلع پونچھ کے منڈی علاقے میں پہاڑی اور پسماندہ علاقہ پگھواڑی میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پر مقامی باشندوں نے محکمہ جل شکتی کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاج کر رہے پگھواڑی علاقہ کے باشندوں نے محکمہ جل شکتی عملہ کے تئیں سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں جل شکتی ملازمین کی لاپرواہی اور غیر سنجیدگی کی وجہ سے آئے روز پینے کے صاف پانی کی سخت قلت سے لوگوں کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔
پگھواڑی علاقے کے باشندوں نے انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’جہاں ایک جانب سرکار ہر گھر نل اور ہر گھل جل کے بلند و بانگ دعوے کر رہی ہے وہیں پگھواڑی علاقہ کے لوگ اس ترقیاتی یافتہ دور میں بھی پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیت سے محروم ہیں۔‘‘ لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں جب بھی کسی شخص کی موت واقع ہو جاتی ہے یا پھر شادی بیاہ جیسی تقریب منعقد ہوتی ہے اس دوران لوگوں کو پانی کی قلت کے سبب سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے اور عوام کو پانی حاصل کرنے کے لیے کئی کلومیٹر کا سفر طے کرنا پڑتا ہے۔
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے بتایا کہ وقت پر پانی کی بل ادا کرنے کے باوجود لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں قریب چار دہائیاں قبل پانی پائپیں نصب کی گئی ہیں جو بوسیدہ ہو چکی ہیں اور محکمہ کی جانب سے پانی کو ذخیرہ کرنے کی غرض سے ایک اوور ہیڈ ٹینکی بھی تعمیر کی گئی تھی تاہم اس میں بھی محکمہ کے ملازمین نے غیر سنجیدہ کا مظاہرہ جاری رکھا اور کبھی بھی پانی اسٹور نہیں کیا۔ مقامی باشندوں نے کہا: ’’اگر ان ٹینکس میں پانی اسٹور کیا جاتا تو شاید لوگوں کو پینے کے پانی کے حوالہ سے اتنی مشکلات پیش نہ آتیں۔‘‘
مزید پڑھیں: محکمہ پی ایچ ای کی ناقص کارکردگی سے عوام پریشان
لوگوں نے دعویٰ کیا کہ متعلقہ محکمہ کے افسران سے کئی بار رجوع کیے جانے کے باوجود جل شکتی کے ملازمین، افسران نے لیت و لعل کا مظاہرہ جاری رکھا اور عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے حوالہ سے کبھی بھی سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے پھگواڑی علاقے کے باشندون نے متعلقہ حکام سے عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا کرانے کی اپیل کی۔