سرحدی ضلع پونچھ کے منڈی علاقے میں جنگلی جانوروں کی انسانی بستیوں پر حملے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ جمعرات کو ساوجیاں، لورن، منڈی میں ریچھ نے 80 سالہ خاتون پر حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔
زخمی ہونے والی معمر خاتون کو مقامی باشندوں نے فوری طور پر سب ضلع اسپتال منڈی پہنچایا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں ضلع اسپتال پونچھ ریفر کردیا گیا۔ زخمی ہونے والی معمر خاتون کی شناخت سکینہ بی کے طور پر ہوئی ہے۔
بلاک میڈیکل آفیسر منڈی نصرت النساء نے بتایا کہ فصل خاص کر مکئی تیار ہوتے ہی ریچھ کے حملوں میں اضافہ ہوتا ہے، انہوں نے عوام سے اکیلے گھروں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کی۔
مزید پڑھیں: ’تعلیمی ادارے مسلسل بند ہونے سے طلبہ کا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے‘
مقامی باشندوں کے مطابق گزشتہ تین دنوں میں ریچھ کا یہ دوسرا حملہ ہے، انہوں نے کہا کہ تین روز قبل علاقے میں ریچھ اچانک نمودار ہوئے اور ایک مقامی باشندے کو شدید زخمی کردیا جو اس وقت سرینگر کے صورہ اسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریچھ اب مقامی بستی میں داخل ہوکر نہ صرف فصلوں کو تباہ کررہے ہیں بلکہ انسانوں کے ساتھ ساتھ پالتو جانوروں کو بھی نشانہ بنارہے ہیں۔