جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے کئی دیہی علاقوں میں کورونا وائرس سے لوگ اب بھی بے خبر ہیں۔ عوام کی نقل و حمل، کھلی دکانوں اور بھیڑ بھاڑ سے معلوم ہوتا ہے کہ یہاں کے عوام کو وائرس سے متعلق پوری واقفیت نہیں ہے۔
ضلع پونچھ میں علاقہ منڈی کے ایک دور افتادہ گاوں سے تعلق رکھنے والے محمد اسلم کا کہنا ہے کہ ’’انتظامیہ نے اس گاوں میں وائرس سے متعلق جانکاری کیمپ قائم کیے اور نہ ہی اس سے متعلق لوگوں کو باخبر کیا گیا۔‘‘
محمد اسلم نے دعویٰ کیا کہ ان کے علاقے میں انتظامیہ اور نہ ہی محکمہ صحت کا کوئی فرد یا ٹیم نے دورہ کر کے انہیں آگاہی فراہم کی۔
ان کے مطابق مقامی آبادی کو اگرچہ دوسرے اضلاع اور علاقوں کی جانب سفر کرنے سے روکا جا رہا ہے تاہم انہیں اس سے قبل وائرس سے متعلق آگاہی فراہم نہیں کی گئی۔
اس حوالے سے انہوں نے انتظامیہ سے گزارش کی کہ ان کے علاقے میں بھی وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے اور ساتھ ہی علاقے میں ماسک، سینیٹائزرس کے علاوہ راشن کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔