جموں و کشمیر کے پونچھ میں گرودوارہ شیرومنی ڈیرا سنت پورا نگالی صاحب کے منجیت سنگھ کی ہدایت پر گرودوارہ مہنت صاحب پونچھ اور سماجی تنظیم گرو رام داس سیوا سوسائٹی کے زیر اہتمام غریبوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کے لئے لنگر کی شروعات کی گئی ہے۔
سماجی تنظیم ان لوگوں کو راشن بھی فراہم کر رہی ہے جو لوگ لنگر نہیں کھاتے ہیں۔
گذشتہ ایک ہفتے سے لنگر پر مامور سوسائٹی کے کارکنان نے کہا کہ منجیت سنگھ نے ہدایت دی تھی کہ کورونا وائرس کے باعث پورے ضلع میں لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ ایسے میں بے گھر، بے سہارا، مزدور طبقہ، جھگی جھوپڑیوں میں رہنے والا کوئی بھی غریب شخص بھوکا نہیں رہنا چاہئے۔
انہوں نے بتایا ک مہنتجی نے ہمیں ان تمام بے سہارا لوگوں تک دو وقت کا کھانا پہنچانے کی ہدایت دی تھی۔
سوسائٹی کے کارکنان نے بتایا کہ مہنتجی کی ہدایت پر مختلف سکھ تنظیموں نے اس خدمت کے کام کو شروع کر دیا اور یہاں پر روزانہ 300 سے زائد افراد کو کھانا کھلاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دکانیں، ڈھابے بند ہونے کے باعث خانہ بدوش لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جب تک لاک ڈاؤن عائد رہے گا مزدوروں اور غریبوں کے کھانے کا انتظام گرودوارے سے جاری رہے گا۔
سوسائٹی کے کارکن نے کہا کہ راشن تقسیم کے دوران سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔