دفاعی ذرائع نے بتایا کہ دن میں تقریباً 11 بجے پاکستانی فوج نے ضلع پونچھ کے قصبہ اور کرنی سیکٹرز میں لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس میں بھارتی فریق کو کسی طرح کے نقصان ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے، تاہم بھارتی فوج بھی اس کا بھر پور جواب دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے 5 اگست کو جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والی آئینی شق 370 کا خاتمہ کر دیا تھا۔ حکومت کے اس فیصلے کے بعد لائن آف کنٹرول پر بھی کشیدگی دن بدن بڑھتی جا رہی ہے اور آئے روز لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ ہو رہی ہے۔
سال 2019 میں 3200 بار جنگ بندی کے خلاف ورزی ہوئی ہے، جو دو برسوں کی نسبت کافی زیادہ ہے۔ سنہ 2018 میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کے 1610 واقعات پیش آئے تھے، جبکہ 2017 میں یہ تعداد 1 ہزار تھی۔
جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد تقریباً 1553 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
جموں و کشمیر کے پونچھ، اخنور، اوڑی، ٹنگڈار، کیرن اور گریز علاقوں میں لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے یہ واقعات پیش آئے ہیں۔ان علاقوں میں رہائش پزیر افراد خوف و دہشت کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں۔