جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے جھولس گاؤں میں جمعہ کے روز ایک 15 سالہ لڑکا مبینہ طور پر ایک نالے میں غرقآب ہوکر جان بحق ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے جھولس گاؤں میں جمعہ کی دوپہر ایک پندرہ سالہ لڑکا کھاری نالے میں نہانے کے لئے گیا۔ جب وہ کافی وقت گذرنے کے بعد گھر واپس نہیں لوٹا تو رشتہ داروں نے مقامی لوگوں کے ساتھ اس کی تلاش شروع کی۔
ان کا کہنا تھا کہ چند گھنٹوں کے بعد مذکورہ لڑکے کو بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ لڑکے کو فوری طور ضلع ہسپتال پونچھ پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔
متوفی لڑکے کی شناخت پربھ دیال ولد رام شرما کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لڑکے کی لاش کو طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد لواحقین کے حوالے کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر میں گذشتہ چند روز سے جاری سخت گرمیوں نے لوگوں کو بے حال کرکے رکھ دیا۔
گرمی سے راحت حاصل کرنے کے لئے لوگ خاص کر نوجوان ندی نالوں میں نہانے کے لئے جاتے ہیں۔
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھی جمعرات کے روز ایک کمسن لڑکا نالے میں نہانے کے دوران غرقآب ہوگیا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔
یو این آئی