پونچھ: جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع پونچھ میں احتجاج کے دوران وائرل ہوئے ویڈیو - جس میں بھارت مخالف نعرے بازی کی گئی - پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ایس ایس پونچھ، ونے شرما، نے کہا ہے کہ ’’تقریبا 30سیکنڈ کے ویڈیو کی فارنسک جانچ کی جا رہی ہے۔‘‘ انہوں نے جاری کیے گئے پیغام میں کہا ہے کہ ’’یہ پتہ لگایا جائے گا کہ آیا ویڈیو صحیح (اصلی) یا فیبریکیٹڈ (اضافی، ڈب یا ایڈیٹ کیا ہوا) تو نہیں ہے۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی نے عوام سے ویڈیو شیئر کرنے سے گریز کرنے کی بھی تلقین کی ہے۔
واضح رہے کہ گجر-بکروال طبقہ سے وابستہ افراد کی جانب سے ایس ٹی ترمیمی (ریزرویشن) بل کے خلاف جموں و کشمیر کے طول و ارض میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ صوبہ جموں کے سرحدی ضلع پونچھ میں بھی پہاڑیوں، برہمن وغیرہ کو ریزرویشن کے زمرے میں شامل کیے جانے کے خلاف منگل کو احتجاج کیا گیا۔ احتجاج کی ایک ویڈیو سماجی رابطہ گاہوں پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوئی جس میں ہند مخالف نعرے بازی بھی سنی جا سکتی ہے۔
- مزید پڑھیں: Gujar students detained in jammu: جموں یونیورسٹی کے طلبہ نے کیا ایس ٹی ترمیمی بل کے خلاف احتجاج
پہاڑیوں کو قبائلی درجہ دینے کے خلاف احتجاج کرنے والے گجر-بکروال برادری نے سرحدی ضلع پونچھ میں کئی گھنٹوں تک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ضلع پونچھ میں گجر-بکروال طبقہ سے وابستہ سینکڑوں افراد نے کرشن چندر پارک سے نکھہ والے چوراہا اور ننکھہ والے چوراہا سے پونچھ میں شی-کشمیر پل تک دن بھر جلوس برآمد کیے اور ریزرویشن بل میں ترمیم کے خلاف اپنا احتجاج درج کیا۔ احتجاجیوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی جموں و کشمیر کے ریاستی صدر رویندر رینہ کے خلاف بھی سخت نعرے بازی کی۔