جموں: جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں حکام نے تاریخی قلعہ کے نزدیک دوران شب انسداد تجاوزات مہم کےدوران غیر قانونی طور تعمیر ایک پٹوار خانے سمیت 18 دکانوں کا منہدم کر دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پونچھ میں تاریخی قلعے کے نزدیک انتظامیہ نے جمعہ کی شب انسداد تجاوزات مہم شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر انتظامیہ کے عہدیداراں بھی موجود تھے اور پولیس کی اضافی انفری کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مہم کے دوران ایک پٹوار خانے سمیت 18 دکانوں کو منہدم کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ پونچھ یاسین محمد چودھری نے بتایا کہ یہ شہر کے لئے ایک تاریخی دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی قلعہ پونچھ کی شان ہے اور اس کے گرد و پیش غیر قانونی طور پر جتنے بھی دکان تعمیر کئے گئے تھے ان کو ہم نے منہدم کیا۔
یہ بھی پڑھیں:انسداد تجاوزات مہم کے دوران غریبوں کے ساتھ نہیں چھیڑا جائے گا، ضلع مجسٹریٹ سری نگر
ضلع مجسٹریٹ پونچھ یاسین محمد چودھری کا کہنا تھا کہ قلعے کے آس پاس جتنی بھی تجاوزات ہیں ان کو ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ اس کے احاطے کو وسیع کیا جائے اور قلعے کو خوبصورت بنایا جاسکے۔ موصوف ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ہماری کوشش رہے گی کہ قلعے کی شان رفتہ کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا قدم تھا جس کی لوگوں نے حمایت کی۔ انہوں نے لوگوں سے نسداد تجاوزات مہم کو بھر پور تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی۔