پونچھ:ایک طرف خواتین کو برابر کے حقوق دینے کی باتیں کی جارہی ہیں اور دوسری جانب زمینی سطح پر خواتین کو کئی طرح کی سہولیات میسر نہیں ہیں، جس کے سبب آئے دن خواتین گوناگوں پریشانیوں سے دوچار ہورہی ہیں۔ جس کی ایک مثال ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے غلام احمد میموریل سب ضلع ہسپتال ہے۔ منڈی میں واقع اس ہسپتال میں زنانہ ڈاکٹر کی عدم دستیابی سے خواتین کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ سب ضلع ہسپتال منڈی ایک لاکھ سے زائد آبادی پر مشتمل ہے۔ اس حوالے سے سماجی کارکن چوہدری طارق, و محمد اقبال سمیت دیگر لوگوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب ضلع ہسپتال منڈی میں تمام تر سہولیات میسر ہونے کے باوجود بھی زنانہ ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے خواتین کو کئی طرح کی مشکلات درپیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منڈی کے دوردراز علاقوں سے خواتین یہاں ہسپتال میں آتی ہیں لیکن یہاں زنانہ ڈاکٹر کی عدم دستیابی خواتین نے پریشانیوں کا باعث بنی ہوئی ہے۔ جس کی وجہ سے اکثر خواتین کو ضلع ہسپتال پونچھ علاج و معالجہ جانا پڑتا ہے۔ جس دوران تحصیل منڈی کی غریب عوام اور بالخصوص خواتین سخت پریشانیوں سے دوچار ہوتی ہیں۔
انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں کی لاگت سے تعمیر کی گئی سب ضلع ہسپتال منڈی کی عمارت عوام کے کسی کام کی نہیں، کیونکہ آئے دن یہاں آکر خواتین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس حوالے سے بلاک میڈیکل آفیسر منڈی ڈاکٹر نصرت النساء بھٹی نے کہا کہ یہاں پر زنانہ ڈاکٹر کی آسامی 2019 سے خالی ہے۔
جس کے بعد لوگوں کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے یہاں کچھ عرصہ تک ساوجیاں میں تعینات لیڈی ڈاکٹر کو سب ضلع ہسپتال منڈی میں عارضی طور پر تعینات کیا گیا تھا۔ تاکہ خواتین کو درپیش پریشانیوں کا ازالہ ہوسکے۔ لیکن انتظامیہ کی جانب سے اٹیچمنٹ کو ختم کیا گیا جس کی وجہ سے لیڈی ڈاکٹر کو اصل پوسٹنگ پر بھیج دیا گیا۔ جس کے بعد سے یہاں سب ضلع ہسپتال منڈی میں زنانہ ڈاکٹر نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:Administration Department for GMC: جی ایم سی سرینگر اور جموں میں شعبہ ہاسپیٹل ایڈمنسٹریشن کا قیام
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمارا عملہ کام عارضی طور پر کام چلا لیتے ہیں۔ لیکن ڈاکٹر کے بغیر کے خواتین کا علاج ومعالج کرنا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے بھی اس معاملہ کو اعلی افسران تک کو پہونچا دیا گیا ہے۔