پونچھ (جموں و کشمیر): صوبہ جموں کے سرحدی ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ڈمپر ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی۔ معلوم ہوا ہے کہ پونچھ ضلع کے ناکہ مینڈھر گائوں میں ایک ڈمپر زیر رجسٹریشن نمبرJK12B – 7126 سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جا گرا۔ جس میں 52سالہ ڈمپر ڈرائیور کی موت واقع ہو گئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حادچہ پیش آنے کے فوراً بعد پولیس اور مقامی لوگوں نے بچائو آپریشن شروع کیا تاہم ڈمپر کے ڈرائیور کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی تھی۔ متوفی کی شناخت 52 سالہ یعقوب عظیم ولد محمد حسین ساکنہ بھٹہ دھرین کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ متوفی کی جسد کو پونچھ پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور قانونی و طبی لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔ ادھر، حادثہ میں ڈرائیور کی موت کی خبر متوفی کے آبائی علاقہ پہنچتے ہی وہاں کہرام مچ گیا۔
مزید پڑھیں: Road Accident in Poonch: پونچھ میں سڑک حادثہ، ایک کی موت، پانچ زخمی
واضح رہے کہ خطہ چناب سمیت پیچ پنچال کے پونچھ اور راجوری اضلاع میں آئے روز ٹریفک حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں، ان حادثات میں کئی افراد ہلاک جبکہ متعدد عمر بھر کے لیے معذور ہو جاتے ہیں۔ حکام کی جانب سے لوگوں کو ٹریفک قوانین کی سختی سے عمل درآمد کرنے کی تلقین کی جاتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بیشتر ٹریفک حادثات قوانین کی خلاف ورزی کے سبب رونما ہوتے ہیں تاہم عوامی حلقوں کا ماننا ہے کہ سڑکوں کی خستہ حالی بھی حادثات کا موجب بن سکتی ہے۔
یو این آئی