بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے رکن پارلیمان انوبھوموہنتی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کنبہ کی رازداری اور وقار کا احترام کریں اور افواہیں نہ پھیلائیں۔
موہنتی کو یہ اپیل اس لئے کرنا پڑی کیوں کہ حال ہی میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ان کی اداکارہ اہلیہ ورشا پریہ درشنی نے ان کے خلاف رپورٹ درج کرائی ہے۔ ورشا نے ان (موہنتی) کے خلاف گھریلو تشدد ایکٹ کے تحت اگست میں کٹک کی ایس ڈی جے ایم عدالت میں مقدمہ درج کرایا تھا جس میں ان پر متعدد الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
کیندر پاڑہ سے بی جے ڈی کے رکن پارلیمان نے کہا کہ انہوں نے نئی دہلی کی ایک عدالت میں طلاق کے لئے مقدمہ دائر کیا ہے کیونکہ ورشا سے ان کی شادی کامیاب نہیں رہی تھی۔ موہنتی نے پریس کو دیئے گئے ایک بیان میں کہا کہ وہ ورشا کو دل کی گہرائیوں سے پیار کرتے ہیں اور اسی وجہ سے شادی کی۔ لیکن دونوں کے مابین تعلقات معمول کے مطابق نہیں تھے اور انہوں نے معاملات کو پٹری پر واپس لانے کی کوشش کی لیکن حالات بد سے بدتر ہوتے چلے گئے۔انہوں نے کہا’’میرے اہل خانہ نے پوری کوشش کی کہ ہم دونوں رضامندی سے الگ ہوں ، کیونکہ ہم ایک دوسرے کے معاشرتی امیج اور ساکھ کے لئے فکرمند ہیں ، اسلئے جولائی 2020 میں طلاق کی درخواست دائر کی۔‘‘۔
اداکاری سے سیاست کے میدان میں آئے موہنتی نے کہا’’میں ورشا کا احترام کرتا ہوں۔ میں اور میرے وکیل نے اس بات کو یقینی بنایا کہ میری درخواست لیک نہ ہو کیونکہ یہ ازدواجی مناقشہ کا معاملہ ہے۔‘‘