اورنگ آباد شہر کی خواتین اس زنجیری ہڑتال میں پورے جوش وخروش سے اپنی شرکت درج کروارہی ہیں۔ انقلابی نعروں ،انقلابی اشعار سے ماحول کو جہاں گرمایا جارہا ہے وہیں نت نئے طریقے اپنا کرمظاہرین کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہیں ۔
اپنے معصوم بچوں شیر خوار اور نونہالوں کے ساتھ بیٹھی یہ پردہ دار خواتین زنجیری ہڑتال میں شرکت کرکے اپنی بیداری کا عملی ثبوت پیش کررہی ہیں ۔ اس احتجاج کا اثر یہ ہورہا ہے کہ پورے شہر میں سی اے اے اور این آر سی کو لیکر برہمی کا ماحول ہے، دن کے اجالے میں خواتین جوق در جوق اورنگ آباد کے شاہین باغ پہنچ کر اپنی شرکت درج کروارہی ہیں ، ان احتجاجی خواتین کا کہنا ہیکہ وہ اپنی مصروفیات کو درکنار کرکے اس احتجاج میں شرکت کررہی ہیں۔ تاکہ آنیوالی نسلوں کا مستقبل محفوظ رہے۔
اورنگ آباد کے شاہین باغ میں دوپہر سے لیکر سورج غروب ہونے تک خواتین کا اژدھام لگا رہتا ہے ، انقلابی نغمے اور آزادی کے نعروں کی گونج ہر طرف سنائی دیتی ہے، مودی حکومت کی پالیسیوں پر نکتہ چینی احتجاج کا معمول بن چکا ہے ، اسی طرح خواتین نے شام میں شمعیں روشن کرکے ملک میں امن و امان کی برقراری اور سلامتی کا پیغام دیا ان کا کہنا ہیکہ مذہبی منافرت کی کالی آندھی کو امن کی شمع سے ہی دور کیا جاسکتا ہے ۔

چراغ سے چراغ روشن کرکے یہ خواتین ملک بھر میں بیداری کا پیغام ضروردے رہی ہیں اورپورا ملک سراپا احتجاج بھی بنا ہوا ہے لیکن بابائے قوم کی نام لیوا بی جے پی حکومت پر اس کا کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔
