پونے: ریاست مہاراشٹر کے پونے میں ایک 30 سالہ شخص نے مبینہ طور پر اپنی خاتون رشتہ دار اور اس کے دو بچوں کا گلا دبا کر قتل کر دیا۔ جمعرات کو معلومات دیتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ پونے کے کونڈھوا علاقے میں پیش آیا۔ ملزم کی شناخت ویبھو روپسین واگھمارے کے طور پر کی گئی ہے جو مہاراشٹر کے لاتور ضلع کا رہنے والا ہے۔ اس نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے کہ اس نے ایک خاتون امرپالی واگھمارے (25) اور اس کی بیٹی روشن (6) اور بیٹے آدتیہ (4) کا قتل کیا ہے۔ ملزم اس بات سے ناراض تھا کہ اس کی خاتون رشتہ دار کا مبینہ طور پر دوسرے مردوں کے ساتھ معاشقہ چل رہا ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل) اور 201 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کی بدھ کو خاتون کے ساتھ اس کے دوسرے مردوں کے ساتھ مبینہ غیر قانونی تعلقات پر لڑائی ہوئی تھی۔ کونڈھوا پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اسی دوران، غصے میں آکر شخص نے مبینہ طور پر خاتون اور اس کے دو بچوں کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ بدھ کی رات تقریباً نو بجے کونڈھوا کے پسولی علاقے میں خاتون کے گھر کے سامنے لاشوں کو آگ لگا دی گئی۔ افسر نے کہا کہ کیس کی تحقیقات جاری ہے۔ ملزم لاتور کا رہنے والا ہے۔ قتل ہونے والی خاتون کا نام امرپالی واگھمارے ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم ویبھو گزشتہ کچھ دنوں سے سیکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کر رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Family Suicide in Pune پونے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد نے کی خودکشی
یو این آئی