ممبئی: این سی پی لیڈر اجیت پوار کے بی جے پی سے ہاتھ ملانے کی بات چیت کے درمیان شیو سینا (شندے گروپ) کے ترجمان سنجے شرساٹ نے کہا کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو ہم مہاراشٹر میں حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے۔ تاہم، شرسات نے منگل کو کہا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ این سی پی بی جے پی کے ساتھ ہاتھ نہیں ملائے گی۔
شرساٹ نے کہا کہ این سی پی وہ پارٹی ہے جو دھوکہ دیتی ہے ہم این سی پی کے ساتھ مل کر حکومت نہیں چلائیں گے۔ اس دوران یہ بات چل رہی تھی کہ اجیت پوار کچھ ایم ایل اے کے ساتھ مل کر بی جے پی سے ہاتھ ملا سکتے ہیں۔ جس کے بعد اس بات کی تردید خود اجیت پوار نے کی۔ بتا دیں کہ مہاراشٹر میں ایکناتھ شندے کی قیادت میں شیو سینا اور بی جے پی کی حکومت ہے۔ اس کے ساتھ ہی سنجے راوت اور اجیت پوار کے درمیان لفظی جنگ تیز ہوگئی ہے۔
این سی پی کے سینئر لیڈر اجیت پوار نے ایک دن پہلے کہا تھا کہ جب تک وہ زندہ ہیں وہ اپنی پارٹی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ اس کے ساتھ پوار نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا کہ وہ اور ان کے ایم ایل اے حکمران بی جے پی کے ساتھ اتحاد کر سکتے ہیں۔ سنجے راوت کا نام لیے بغیر اجیت پوار نے ان پر تنقید کی اور کہا کہ دوسری پارٹیوں کے ترجمان ایسے برتاؤ کر رہے ہیں جیسے وہ این سی پی کے ترجمان ہوں۔ بہتر ہو گا کہ وہ اپنی پارٹی کے ترجمان ہی رہیں۔ دوسری پارٹی کا ترجمان بننے کی کوشش نہ کریں۔
اجیت پوار نے مزید کہا کہ جب بھی اگلی پارٹی میٹنگ ہوگی وہ اس مسئلہ کو اٹھائیں گے۔ وہیں اس پر بات کرتے ہوئے سنجے راوت نے کہا کہ 'اگر کڑوا سچ کسی کو پسند نہیں ہے تو وہ کیا کر سکتے ہیں'۔ انہوں نے کہا کہ پوار (شرد) صاحب میری ساکھ پر سوال اٹھا سکتے ہیں۔ میں صرف پوار صاحب کی بات سنوں گا۔ راوت نے دعویٰ کیا تھا کہ شرد پوار نے حال ہی میں ادھو ٹھاکرے سے کہا تھا کہ ان کی پارٹی کبھی بھی بی جے پی کے ساتھ ہاتھ نہیں ملائیں گی، چاہے کوئی انفرادی سطح پر ایسا فیصلہ لے۔
یہ بھی پڑھیں: Maharashtra Politics اجیت پوار نے این سی پی کے چالیس ارکان اسمبلی کے دستخط حاصل کرلئے؟
راوت نے مزید کہا کہ 'اجیت دادا کو بتانا چاہئے کہ کیا آج اپوزیشن کو توڑنے کی کوشش نہیں کی جا رہی ہے؟ کیا ان لوگوں نے شیوسینا کو نہیں توڑا؟ کیا این سی پی کو توڑنے کی کوشش نہیں کی جا رہی؟ راوت نے دعویٰ کیا کہ شرد پوار خود یہ کہہ رہے ہیں۔ شرد پوار نے اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھا ہے۔ اگر میں اس سب سے واقف ہوں تو اس میں غلط کیا ہے'۔