تقریباً ڈھائی ماہ کے بعد ممبئی اور ریاست میں کاروباری سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں لیکن وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے ممبئی میں جگہ جگہ عوامی ہجوم پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوگ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلتے ہوئے بھیڑ کا حصہ بن رہے ہیں اور لاک ڈاؤن میں ملی رعایت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں اگر عوام کا یہی رویہ رہا تو مجبوراً ریاست میں لاک ڈاؤن میں دی ہوئی نرمی کو ختم کرکے دوبارہ سختی کے ساتھ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا جائے گا۔
ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ 8 جون سے تقریباً تمام کاروبار شروع کرنے میں رعایت دی گئی ہے لیکن پچھلے دو دنوں میں مجھے ایک بار پھر ممبئی میں ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔ گاڑیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر ہونے کی وجہ سے کئی جگہ ٹرافک جام کی خبریں دیکھنے کو ملی۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بڑی تعداد میں عوام گھروں سے باہر بلا وجہ نکل رہی ہے،کئی جگہوں پر سماجی فاصلے کو بھی برقرار نہیں رکھا گیا جس کی وجہ سے کورونا انفیکشن مزید بڑھنے کے خدشہ ہے جبکہ ممبئی کی صورت حال کافی تشویش ناک ہے۔