ممبئی: آنے والا برس مہاراشٹر کے لیے بہتر ثابت نہیں ہوسکتا ہے۔ کیونکہ پانی کو لیکر یہاں دقتیں پیش آسکتی ہیں۔ کیونکہ مہاراشٹر کے متعدد علاقوں میں موجود چھوٹے اور بڑے ڈیموں میں صرف 63 فیصد ہی پانی موجود ہے۔ جب کہ اورنگ آباد ڈویژن میں پانی کا ذخیرہ سب سے کم ہے۔ یہاں صرف 36 فیصد ہی پانی دستیاب ہے۔ پانی کی تیزی سے کمی کے سبب آنے والا برس ریاست مہاراشٹر کے لیے بہتر نہیں لگ رہا کیونکہ گزشتہ برس کے مقابلہ میں 20 فیصد پانی کم ہے۔ وہیں دوسری طرف ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والے ڈیم میں پانی کا ذخیرہ کافی ہے۔ ممبئی کو پانی مہیا کرنے والے ڈیم میں ابھی بھی 78 فیصد پانی موجود ہے۔ چونکہ ریاست میں آنے والے نئے برس کا اور کرسمس کا پورے جوش وخروش کے ساتھ استقبال کیا جا رہا ہے اور اس کی وجہ سے اسکول بند ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
مراٹھواڑہ میں پانی کی قلت کے خلاف احتجاج
تعطیلات ہونے کے سبب لوگ سیاحتی مقام کا رخ کرتے ہیں۔ لیکن اس بار پانی کے بحران کے سبب لوگ ان مقامات کا رخ کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ کیونکہ کئی جگہوں پر پانی کی قلت کے سبب شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ مہاراشٹر حکومت سے موصول ہونے والی جانکاری سے یہ باتیں سامنے آئی ہیں کہ کئی مقامات پر پانی کی قلت کے سبب ٹینکر کے ذریعہ اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ریاستی حکومت کے مطابق 389 ٹینکر، 961 وارڈ اور 366 گاؤں میں پانی کی سپلائی کی جارہی ہے اور روزآنہ اس میں اضافہ ہوتا نظر آرہا ہے۔ ایک اور جانکاری جو سامنے آئی اس میں ریاست کے کئی چھوٹے ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ختم ہو رہا ہے۔ ریاست میں 2994 چھوٹے اور بڑے ڈیم میں پانی کی کمی کے سبب یہ کہا جا سکتا ہے کہ آنے والا برس پانی کو لیکر موضوع بحث ہو سکتا ہے۔
درمیانے اور چھوٹے ڈیم میں صرف 36.71 فیصد پانی کا ذخیرہ کے ساتھ ساتھ اورنگ آباد ڈیویژن میں موجود ڈیم کی حالت خراب ہے۔ جب کہ یہاں جیک واڑی ڈیم میں صرف 43.39 فیصد پانی کا ذخیرہ موجود ہے جب کہ یوجانی ڈیم میں 10.38 فیصد پانی موجود ہے۔ ناگپور ڈیویژن کے کل 383 ڈیم میں 68.36 فیصد پانی ہے۔ زیادہ تر پانی کا ذخیرہ کوکن علاقے میں ہے جس میں تھانے ،پالگھر ،راۓ گڑھ، سندھودرگ ،علاقے شامل ہیں جب کہ ممبئی میں موجود ڈیم میں پانی اطمینان بخش ہے۔ممبئی کے لیے پانی سپلائی کرنے والے ڈیم ویترنا 97.13 فیصد ،بھاتسا میں 77.55 فیصد ،موڈک ساگر 66.75 فیصد، میڈل ویترنا 46.470 فیصد اور تانسا میں 78.24 فیصد پانی موجود ہے اسلئے ممبئی والوں کو دقت نہیں ہے۔