مہاراشٹر کے پونہ شہر میں گزشتہ دنوں منعقد بی جے پی کے رکن اسمبلی کی شادی کی تقریب میں ایک جانب جہاں کورونا بیماری سے متعلق معاشرتی دوری بنائے رکھنے والی رہنمایانہ ہدایتوں کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ وہیں دوسری جانب تقریب میں مہمانوں کی اکثریت کو بغیر ماسک پہنے بھی دیکھا گیا جس میں ریاست کے بی جے پی کے سربراہ چندرکانت پاٹل اور سابق وزیر اعلی دیویندر فڈنویس بھی شامل ہیں۔
رام ستپوتے ریاست کے شولاپور شہر سے پہلی مرتبہ بی جے پی کی ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اتوار کے روز ان کی شادی کا استقبالیہ پونہ شہر میں منعقد کیا گیا تھا جس کا ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے اور وہ اس وقت ریاست کے سیاسی گلیاروں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔
ویڈیوز میں بی جے پی کے قدآور رہنما چندرکانت پاٹل ؛ دیویندر فڈنویس ؛ پرساد لاڈ اور دیگر کو بغیر ماسک پہنے لوگوں سے انتہائی قریب سے بات چیت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو کورونا وباء کے دوران معاشرتی دوری بنائے رکھنے والے اصولوں کے خلاف ہے۔
مرکزی حکومت و ریاستی حکومتوں نے لاک ڈاون میں نرمی برتنے کے لئے جو رہنمایانہ خطوط مرتب کئے ہیں۔ اس کے مطابق شادی کی تقریب سمیت کسی بھی سماجی تقریب میں صرف پچاس افراد کی ہی اجازت دی گئی ہے جبکہ شادی کی اس تقریب میں بیک وقت ہال میں سینکڑوں افراد موجود تھے۔
مقامی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر جگدالے کے مطابق اس معاملے کی کوئی شکایت درج نہیں ہوئی ہے۔ لیکن شادی کی تقریب میں مہمانوں کی آمد ورفت کا سلسلہ جاری تھا اس طرح سے وہاں کوئی بھیڑ اکٹھا نہیں ہوئی تھی۔