بالی ووڈ اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر نے مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے اور ان کی اہلیہ رشمی ٹھاکرے کی موجودگی میں شیوسینا میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے 2019 میں کانگریس کے ٹکٹ پر لوک سبھا انتخابات لڑا اور بعد میں پارٹی چھوڑ دی۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کے قریبی ساتھی ہرشل پردھان نے اتوار کے روز کہا تھا کہ ماتونڈکر وزیر اعلی کی موجودگی میں شیوسینا میں شامل ہوں گی۔
بتا دیں کہ شیوسینا نے گورنر بی ایس کوشیاری کے پاس قانون ساز کونسل میں نامزد کرنے کے لئے ماتونڈکر کا نام بھیجا تھا۔ اس کے علاوہ اس کوٹے کے لئے مہا وکاس اگھاڑی نے 11 مزید نام بھیجے تھے۔
ماتونڈکر نے ممبئی شمالی نشست سے کانگریس کے ٹکٹ پر 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ تاہم انہیں الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد میں انہوں نے کانگریس کی ممبئی یونٹ کے کام کرنے کے طریقوں پر پارٹی چھوڑ دی۔
حال ہی میں انہوں نے ممبئی کا پاکستان مقبوضہ کشمیر (پی او کے) سے موازنہ کرنے پر اداکارہ کنگنا رناوت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔