29 جنوری سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے پیش نظر گذشتہ روز ادھو ٹھاکرے کی زیر صدارت سہیادری گیسٹ ہاؤس میں پارٹی کے لوک سبھا اور راجیہ سبھا اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ مرکزی سرکار سے ریاست کی زیر التواء تجاویز پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا۔
اس موقع پر عوامی تعمیرات کے وزیر اشوک چوان، شہری ترقی کے وزیر ایکناتھ شنڈے، آبی وسائل کے وزیر جینت پاٹل، وزیر صنعت سبھاش دیسائی، مرکزی سماجی انصاف کے وزیر رام داس اٹھاوالے، چیف سکریٹری سنجے کمار اور دیگران موجود تھے۔
ٹھاکرے نے کہا کہ اراکین، پارلیمنٹ میں ریاستی سرکار کے زیرالتوا معاملات اٹھائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ محکمہ جاتی اور ممبران پارلیمنٹ کی کمیٹیاں تشکیل دے کر مختلف معاملات پر بحث کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کو اراکین پارلیمنٹ سے توقعات وابستہ ہیں جبکہ نمائندوں کو عوامی مسائل کو ترجیح دینی چاہئے۔ ہر رکن پارلیمنٹ کو مرکزی حکومت پر ریاست کے لیے زیادہ سے زیادہ رقومات فراہم کرنے کےلیے دباؤ ڈالنا چاہئے۔