ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر ممبرا میں لاک ڈاون کا فائدہ اٹھاکر گھروں کا تالا توڑ کر نقب زنی کی وردات انجام دینے والے گروہ کے دو اراکین کو ممبرا پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
واضح رہے کہ ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا چوری کا مال برآمد کیا گیا ہے۔
سینیئر پولیس انسپکٹر مدھوکر کڈ کے مطابق ممبرا شہر میں نقب زنی و موٹرسائیکل کی چوری کی واردات میں روزبروز اضافہ ہوتا دیکھ ممبرا پولیس نے تھانے پولیس کمشنر وویک پھنسالکر کے اشارے پر کاروائی شروع کی۔
واضح رہے کہ اس کارروائی میں گذشتہ روز موٹر سائیکل چوروں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے کثیر تعداد میں موٹر سائیکل ضبط کی اور اب شہر کے بند فلیٹ کے قفل توڑ کر اندر کا سارا مال لیکر غائب ہوجانے والے چوروں کو پولیس نے تلاش کرکے ان کے پاس سے چوری کا مال بھی برآمد کرلیا۔
اس سلسلہ میں ممبرا پولیس کے سینیئر انسپکٹر مدھوکر کڑ نے آج بتایا کہ 28 جون کو کوسہ تلاو پالی افروز بلڈنگ میں رہنے والی 30 برس کی خاتون نسرین شکیل شیخ نے پولیس سٹیشن میں شکایت درج کرائی کہ ان کا گھر جب ایک رات کے لیے بند تھا، تو اسی دوران کسی نے نقب زنی کرکے گھر سے ایل ای ڈی، کمبل، برتن، زیورات سمیت سات لاکھ 15 ہزار روپے مالیت کے گھر کا سارا سامان لیکر فرار ہوگئے۔
پولیس نے شکایت درج کر تفتیش شروع کی اسی دوران ان کے کرائم ٹیم کے انسپکٹر منگیش بورسے کو اطلاع ملی کہ ایک ملزم کورونا کے سبب جیل سے رہا کیا گیا ہے ان دنوں اس کے گھر کئی قیمتی سامان آرہے ہیں اس طرح پولیس نے 25 برس کے ملزم سرفراز حسین سلیم خان کو حراست میں لیکر پوچھ تاچھ شروع کردی۔
پوچھ تاچھ کے دوران ملزم نے واردات انجام دینے کا اعتراف کیا اور اس کے قبضے سے پولیس نے چار لاکھ45 ہزار5 سو کا مال بھی برآمد کیا۔
اسی طرح نقب زنی کی ایک دوسری واردات ممبرا کے دتة واڑی میں انجام دی گئی۔ جہاں ارباز ایولکرنامی شخص نے پولیس میں شکایت درج کرائی کہ اس کے گھر کا تالہ توڑ کر گھرسے پانچ لاکھ روپے کا سامان جس میں موبائل پیسہ و دیگر ہے چوری ہوا ہے۔
پولیس نے معاملہ درج کر ملزم کی تلاش شروع کی تو انھیں سنیل پاؤلے نامی ملزمین کلوا کے شانتی نگر میں ملا، جسے حراست میں لیکر اس کی تفتیش کرنے پر سات موبائل فون، ایک لاکھ 10 ہزار مالیت کے مزید چھ نئے موبائل فون کل دو لاکھ10 ہزار کا چوری کا مال برآمد ہوا۔
پولیس نے دونوں ملزمین کے خلاف چوری کا معاملہ درج کر انھیں جیل بھیج دیا ہے۔
واضح رہے کہ ان دنوں لاک ڈاون کے سبب کئی افراد اپنے آبائی وطن چلے گئے ہیں، جس کی وجہ سے عمارتوں میں فلیٹ کے فلیٹ بند ہیں، جس کا فائدہ یہ جرائم پیشہ افراد اٹھا رہے ہیں۔