یہ سانحہ کالا پانی جنکشن کے قریب ناتھانی ریسیڈینسی میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق عمارت کے دو سکیورٹی گارڈ بلڈنگ کے بیسمنٹ میں پانی کی موٹر چالو کرنے کیلئے گئے تھے لیکن موسلادھار بارش کی وجہ سے بیسمینٹ میں پانی بھر گیا تھا۔ جس کی وجہ سے دونوں ہی سکیورٹی گارڈ لفٹ میں گئے اور لفٹ کا دروازہ بند کیا لیکن لفٹ چالو نہیں ہوئی اور لفٹ کا دروازہ بھی نہیں کھلا۔
اس کے بعد انہوں نے خطرے کا الارم بجایا۔ جس پر عمارت کے مکینوں نے فوری بیسمنٹ میں جا کر لفٹ کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی لیکن لفٹ نہیں کھلی اور اس دوران پانی پوری طرح سے بیسمنٹ میں بھر گیا اور پانی لفٹ میں بھی بھرنے لگا۔ موقعہ پر موجود لوگوں نے فائر بریگیڈ کو اطلاع دی ۔
فائر بریگیڈ عملہ نے یہاں پہنچ کر لفٹ کے اوپری حصہ کو کاٹ کر دونوں سکیورٹی گارڈز کو باہر نکالا لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی اور دونوں کی موت ہو چکی تھی۔
آگری پاڑہ پولیس نے حادثاتی موت کا معاملہ درج کیا ہے۔