پشپک ایکسپریس ٹرین کا ٹی ٹی ای کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے۔ اس خبر کے منظرعام پر آنے کے بعد لکھنؤ جنکشن ریلوے اسٹیشن پر ٹرین میں سوار مسافروں اور عملے میں ہلچل مچ گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹی ٹی ای اور اس کی اہلیہ کو 15 دن کیلئے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ریلوے انتظامیہ اب ریلوے کے دوسرے لوگوں کی جانچ کروانے کی تیاری کر رہا ہے۔ ٹرین میں سوار مسافروں کا ریکارڈ حکومت کو بھیج دیا گیا ہے۔
16 مارچ کو ممبئی سے لکھنؤ کی طرف واپس آنے والی پشپک ایکسپریس پر دیپک مشرا کی ڈیوٹی لگادی گئی تھی جس کے بعد وہ پشپک ایکسپریس کے ذریعہ 17 مارچ کو لکھنؤ جنکشن ریلوے اسٹیشن پہنچے یہاں پہنچنے کے بعد ٹی ٹی ای دیپک مشرا کو بخار محسوس ہوا جس کے بعد فوری طور پر ریلوے انتظامیہ کو آگاہ کردیا گیا۔
ریلوے انتظامیہ نے مشرا کو ایشا باغ پالی کلینک بھیج دیا یہاں سے انہیں بادشاہ نگر ریلوے اسپتال ریفر کردیا گیا۔ اسپتال میں ٹی ٹی ای نے اپنی اہلیہ کے ساتھ کورونا معائنہ کیا۔ تفتیش کے دوران ان دونوں کو کورونا سے متاثر پایا گیا۔
لکھنؤ جنکشن ریلوے اسٹیشن کے ڈائریکٹر گریش کمار سنگھ کے مطابق دیگر ریاستوں سے لکھنؤ جنکشن آنے والے مسافروں کے نام، پتے اور موبائل نمبر کی تفصیلات حکومت کو ارسال کی جارہی ہیں تاکہ مسافروں سے رابطہ کیا جاسکے۔