ریاست مہاراشٹر کے شہر ملكاپور ضلع بلڈانہ کے پولیس اسٹیشن میں خواجہ سراؤں نے کہرام مچادیا۔ بتایا جارہا ہے کہ کچھ خواجہ سرا چوری کی شکایت کرنے تھانہ پہنچی، لیکن ہمیشہ کی طرح پولیس والوں نے ان کی شکایت سننے کے بجائے انہیں باہر کا راستہ دکھا دیا۔
غور طلب ہے کہ ملكاپور کے پنت نگر کے خواجہ سراء موگرا بائی کے گھر 7 مئی کی شام 50 لاکھ کی مالیت کی چوری ہوئی تھی اس چوری میں نقدی، زیورات اور دوسری قیمتی اشیاء شامل تھیں۔ لیکن پولیس نے صرف معاملے کی این سی داخل کرلی اور اُنہیں باہر کا راستہ دکھا دیا۔ پولیس کو اس خانہ پُری والی کارروائی سے خواجہ سراؤں میں مایوسی دیکھی گئی۔
انہوں نے ودربھ کے کئی اضلاع میں اپنے ساتھی خواجہ سراؤں تک بات پہنچائی، جس کے بعد خواجہ سراؤں نے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی اضلاع سے ملکاپور پہونچے اور پولیس تھانے پر ہنگامہ آرائی کی۔
وہیں ان کی ہنگامہ آرائی پر پولیس والوں نے تھانہ چھوڑ کر بھاگنے میں ہی اپنی عافیت سمجھی۔ لیکن خواجہ سراؤں نےایک گھنٹے تک پولیس تھانے میں ہنگامہ کیا جس کے بعد پولیس نے اُنہیں کارروائی کی یقین دہانی کرائی، تب جاکر ان لوگوں نے مظاہرہ بند کیا۔