اورنگ آباد: اورنگ آباد شہر سے 15 کلو میٹر کی دوری پر واقع چیتے گاؤں میں دس اور گیارہ دسمبر دو روزہ ضلعی تبلیغی اجتماع کا آغاز ہوا ہے۔ اس دوران علمائے کرام امت مسلمہ کو دین کی تبلیغ و اشاعت کے ساتھ ساتھ نماز کی پابندی کرنے، اپنے اعمال کو دین کے سانچے میں ڈھالنے، اللہ اور رسول کے احکامات کے مطابق زندگی گزار نے اور آخرت کو کامیاب بنانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ اس دو روزہ اجلاس میں علمائے کرام کی بھی نشست ہوگی۔ موجودہ حالات کے تقاضے اور علمائے کرام کی ذمہ داریوں پر بات کی گئی۔ اس اجتماع میں ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلاء، آفیسرز، دانشوران ملت بھی شرکت کر رہے ہیں۔ سنیچر کو فجر کی نماز کے بعد سے ہی علمائے اکرام کے بیانات شروع ہو گئے ہیں۔ دینی تعلیم کا درس بھی دیا جا رہا ہے۔ اتوار کو بعد نماز مغرب بیان کے بعد دعا ہوگی اور اجتماع کا اختتام عمل میں آئے گا۔ Aurangabad Maharashtra District Tablighi ijtema
یہ بھی پڑھیں:
سنیچر کے دن بھی اجتماع میں شرکت کے لیے شہر اور دیہی علاقوں سے جماعتوں اور برادران ملت کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ سینکڑوں بندگان توحید اجتماع گاہ کے وسیع پنڈال میں نماز بھی ادا کر رہے ہیں۔ مولانا محمد مبین (پونہ والے) کا بھی بیان ہوا 11 دسمبر بروز اتوار کو بعد نماز عصر اجتماعی عقد کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ اس اجتماع گاہ سے کئی جماعتیں دین کی دعوت کو لے کر ریاست اور ملک کی مختلف سمتوں میں روانہ ہوں گی۔ جماعتوں کی تشکیل کا کام سنیچر سے ہی شروع ہو گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اجتماع گاہ میں بنیادی سہولتوں کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، طعام کی جگہ میں 30 روپے میں پیٹ بھر کھانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ کڑاکے کی سردی کے باوجود کثیر تعداد میں برادران ملت اجتماع گاہ میں جمع ہورہے ہیں جہاں وضو کے لیے گرم پانی کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔ پارکنگ کا بھی بہترین نظم کیا گیا ہے، چیٹن روڈ پر الانہ کمپنی کے عقب میں واقع اجتماع گاہ میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد اجتماع گاہ آنے والوں کی رہنمائی کے لیے تعینات کی گئی ہے۔