کے ای ایم اسپتال میں جگہ کم ہونے کی وجہ سے رہائشی ڈاکٹرز کے لیے ممبئی میونسپل کارپوریشن نے وڈالا میں واقع ایکورڈ لیپروسی اسپتال کے احاطے میں 15 منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی۔ اس کے لیے میونسپل کارپوریشن 175 کروڑ روپے خرچ کرے گی۔
کے ای ایم اسپتال کے احاطے میں ہیریٹیج عمارت ہونے کی وجہ سے اس کی ازسرنو مرمت کرنا ممکن نہیں ہے نیز اس کے لیے ہیریٹیج کمیٹی سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔
میونسپل کارپوریشن کے اسپتالوں میں ڈاکٹرز 24 گھنٹے اپنی خدمت فراہم کرتے ہیں لیکن جگہ کم ہونے کی وجہ سے انہیں مناسب سہولت نہیں ملتی ہے۔
سنہ 2017 میں ڈینگو کا مرض پھیلنے سے کئی ڈاکٹرز بھی اس کی زد میں آئے تھے اور دو ڈاکٹر کی ڈینگو کے سبب موت ہوئی تھی۔
جس کے بعد اس وقت کے ایڈیشنل کمشنر سنجے دیشمکھ نے 12 سو ٹرینی ڈاکٹرز کے لیے کے ای ایم اسپتال کے وڈالا میں واقع ایکورڈ اسپتال میں نیا ہوسٹل تعمیر کا حکم دیا تھا۔
میونسپل کارپوریشن نے تقریباً تین برس بعد ہاسٹل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہاسٹل تعمیر کرنے کا تخمینہ میسرز رینوکا کنسلٹنٹ کی صلاح پر تیار کیا گیا ہے جبکہ ہاسٹل کی تعمیر کے لیے میسرز ہائی راک کنسٹرکشن پرائیویٹ لمیٹیڈ اور میسرز اے پی آئی سول کان پرائیویٹ لمیٹیڈ (جے وی) کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ہاسٹل کی تعمیر کے لیے میونسپل کارپوریشن 175 کروڑ 98 لاکھ 53 ہزار 495 روپے خرچ کرے گی۔
اس ضمن میں ایک تجویز میونسپل اسٹینڈنگ کمیٹی میں پیش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ فی الحال نائر اور سائن اسپتال میں ٹرینی ڈاکٹرز کے لیے ہاسٹل تعمیر کرنے کا کام جاری ہے۔