مالیگاؤں شہر کی معروف سماجی تنظیم حفاظت گروپ کے صدر عارف نوری نے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں تباہی مچی ہوئی ہے اور حکومت کی جانب سے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹ گرتی چلی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی اس جان لیوا وبا سے اب تک لاکھوں افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں ہر چیز اس وائرس کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہے۔ سب سے زیادہ وہ طبقہ متاثر ہوا ہے جو محنت مزدوری کر کے اپنے بچّوں کا پیٹ پالتا ہے اور اپنا گزر بسر کرتا ہے۔
عارف نوری نے مزید کہا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تاکہ اس جان لیوا وائرس کو کنٹرول کیا جا سکے اور بھارت سمیت دنیا کے دیگر مختلف ممالک میں اس وقت کورونا کے خلاف جنگ جاری ہے۔ کاروبار مندی کا شکار ہیں۔ سڑکوں پر چلنے والے چھوٹے موٹے کاروبار بند کرنے کی ہدایات جاری ہوچکی ہیں۔ جبکہ پولس انتظامیہ سخت رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔ اس سے روزانہ کی بنیاد پر کمانے والے افراد متاثر ہو رہے ہیں جبکہ ترقی یافتہ ممالک میں روز مرّہ کمانے والوں کا اگر کاروبار بند کر بھی دیا جائے تو حکومت ان کے ساتھ مکمل تعاون کرتی ہیں۔ حکومت کی جانب سے کھانا اور غذائی اشیا فراہم کی جاتی ہیں لیکن آج مزدور طبقہ خاص طور پر پریشان حال ہیں۔
عارف نوری نے یہ بھی کہا کہ روزانہ کمانے کھانے والے کس طرح اپنے بچّوں کا پیٹ پالیں گے۔ حکومت کو اس جانب توجہ دینا چاہیے۔ ایسے نازک حالات میں مرکزی حکومت کو چاہیے کہ بھارت میں رہنے والے ہر شہری کا مکمل خیال رکھیں۔ ان کی بھر پور مدد کریں اور انہیں اشیائے خوردو نوش فراہم کریں ورنہ مزدور طبقے کے لوگ کورونا وبا سے کم، بھک مری سے زیادہ مر جائیں گے۔